

سڈنی میں ایک شخص کو ایک حاملہ خاتون پر لاتوں اور مکوں سے حملے کا ملزم ٹھہرا دیا گیا۔
آسٹریلیا کی معروف اسلامک ایسوسی ایشن نے واقعے کو اسلام دشمنی میں کیا جانے والا حملہ قرار دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق سیکیورٹی کیمرا سے حاصل ہونے والی حیران کن فوٹیج میں مغربی سڈنی کے ایک کیفے میں ملزم کو ایک ٹیبل کی جانب بڑھتے دیکھا گیا جہاں اسکارف سے سر ڈھانپے تین خواتین بیٹھی ہیں اور آپس میں محو گفتگو ہیں۔
خواتین کی طرف سے کوئی اشتعال نہیں دلایا گیا لیکن اس کے باوجود 43 سالہ ملزم ٹیبل کی جانب بڑھا اور 31 سالہ خاتون پر حملہ کیا، جو پولیس کے مطابق 38 ہفتے کی حاملہ تھیں۔
ملزم نے پہلے خاتون کو مکے مارے اور جب وہ نیچے گر پڑیں تو ان پر لاتوں سے بھی حملہ کیا جس کے بعد قریب موجود دیگر افراد نے اسے خاتون سے دور کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم پر حملہ کرکے زخمی کرنے اور فساد پھیلانے کے چارجز لگائے گئے ہیں اور اس کی بریت کی درخواست بھی مسترد کردی گئی ہے۔
