

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک سے پولیو کےخاتمے کے لیے اہم سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل نیشنل اسٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دے دیا۔
خیال رہے کہ حکومت نے مذکورہ اقدام صحت کے عالمی فورم پر پاکستان کے سیاسی مسائل کو موضوع بحث لاتے ہوئے بین الاقوامی مانیٹرنگ بورڈ (آئی ایم بی) کے بیان کے بعد اٹھایا جس میں کہا گیا تھا کہ کہ ’ملک میں پولیو پروگرام اور انسداد پولیو ویکسین دینے کا عمل سیاسی فٹ بال بن چکا ہے‘۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) برائے پولیو کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے کہا کہ ‘ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے نیشنل اسٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ (این ایس اے جی) تشکیل دیا ہے جس کی قیادت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کریں گے۔
مزید پڑھیں: ملک میں پولیو کے 5 نئے کیسز رپورٹ، رواں برس تعداد 91 ہوگئی
انہوں نے کہا کہ ‘ نیشنل اسٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کی سابق فوکل پرسن برائے پولیو شہناز وزیر علی، پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی سابق فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقبل مندوب ضمیر اکرم شامل ہیں’۔
رانا محمد صفدر نے کہا کہ ‘ ایڈوائزری گروپ میں شامل دیگر ارکان میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن خالد مگسی، پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی صحت سروسز ڈاکٹر نوشین حامد اور سندھ اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کے قانون ساز ڈاکٹر سنجے گنگوانی شامل ہیں
