
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز کے اندر جواب طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز حلقہ این اے 205 گھوٹکی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے علی محمد خان مہر کے انتقال پر تعزیت اور جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔
حلقہ این اے 205 گھوٹکی میں 18 جولائی کو الیکشن ہوگا اور پابندی کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے دورہ کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے انہیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے عبدالباری پتافی نے الیکشن کمیشن میں اس معاملے کی شکایت کی جس پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم کوڈ آف کنڈکٹ پیرا 17 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔
واضح رہے کہ کسی حلقے میں الیکشن تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد وزیراعظم، گورنرز، وزراء اور ارکانِ اسمبلی حلقے کا دورہ نہیں کر سکتے۔
