

کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے انڈونیشی سفارت خانے کے کنسائنمنٹ سے اسمگل کی جانے والی شراب کی بوتلیں برآمد کر لیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹرکسٹمز انٹیلی جنس کراچی عرفان جاوید کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ سفارت خانوں کی جانب سے درآمد کیے جانے والی کنسائنمنٹس میں شراب اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس پر انھوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر علی زمان گردیزی کو ہدایت جاری کی کہ سفارت خانوں کے کنسائنمنٹس میں شراب کی اسمگل کو ناکام بنایا جائے جس پر ایڈیشنل ڈائریکٹر علی زمان گردیزی کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر زوہیب، سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران پر مشتمل ٹیم نے انڈونیشیا، الجیریا، شام اور لبنان سے آنے والے کنسائنمٹس کی کلیئرنس کو روک دیا۔
پاکستان میں قائم سفارت خانوں کے کنسائنمنٹس کی جانچ پڑتال کیلیے ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی جانب سے وزارت خارجہ سے اجازت طلب کی گئی جس پر وزارت خارجہ کے نمائندے اور ڈائریکٹوریٹ نے انڈونیشی سفارت خانہ کے کنسائنمنٹ کی مشترکہ جانچ پڑتال کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ انڈونیشی سفارت خانہ کے کنسائنمنٹ کی مشترکہ جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ کنسائنمنٹ کی گڈز ڈیکلریشن داخل کرتے ہوئے کنسائنمنٹ میں کھانے پینے کی اشیا ظاہرکی گئی تھیں لیکن کنٹینر میں موجود 2 لکڑی کے بکسوں میں مجموعی طور پر 1080شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں جس میں 600بوتلیں بلیک لیبل اور408 بوتلیں چیواس ریگل موجود تھیں۔
کسٹمز انٹیلی جنس نے شراب کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے کنسائنمنٹ ضبط کر لیا ہے، ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس کی ایک دوسری کارروائی میں لاکھوں روپے مالیت کے ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مقدمہ درج کر کے پکڑا گیا ڈیزل ضبط کر لیا ہے۔
