

پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل آسٹریلین کھلاڑیوں نے سوال و جواب کے ایک سیشن کے دوران قومی ٹیم کے ٹی20 کپتان بابر اعظم کو پاکستان کا وزیر اعظم ہی بنا دیا۔
آسٹریلوی میڈیا پر کھلاڑیوں سے مزاحیہ سوال و جواب کے دوران پاکستان اور نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کے نام پوچھے گئے تھے۔
اس دوران اکثر آسٹریلین کھلاڑی اپنے پڑوسی ملک نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے نام کا تو صحیح جواب دینے میں کامیاب رہے لیکن جب ان سے پاکستان کے وزیر اعظم سے متعلق سوال کیا گیا تو اکثر سے کوئی جواب نہ بن سکا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ایک سابق عظیم آل راؤنڈر اور کرکٹ کی عظیم ترین ہستیوں میں شمار کیے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود حیران کن طور پر آسٹریلین کھلاڑی اس بات سے لاعلم تھے کہ وہ ہی پاکستان کے موجودہ وزیراعظم ہیں۔
آسٹریلین بلے باز مارنس لبوشین کو دونوں ہی ممالک کے وزرائے اعظم کے نام معلوم نہیں تھے اور انہوں نے کہا کہ شاید دونوں ہی ممالک کے وزرائے اعظم خواتین ہیں، ان کی یہ بات آدھی سچ تھی کیونکہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن ایک خاتون ہیں۔
سابق آسٹریلین کپتان دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے نام نہ بتا سکے جبکہ ایڈم زامپا اور مچل مارش نے فوراً ہی عمران خان کا نام لے کر درست جواب دیا البتہ وہ اپنے پڑوسی ملک کی وزیر اعظم کا نام نہ بتا سکے۔
عثمان خواجہ اور فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز معلومات میں سب پر بازی لے گئے اور دونوں ہی کھلاڑیوں نے ان سوالات کے درست جوابات دیے۔
