اہم خبریں

جمعیت علمائے اسلام (ف)کا آزادی مارچ

جیکب آباد میں آج پانچویں روز بھی دھرنا جاری

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام آزادی مارچ کے پلان بی کے تحت جیکب آباد اور کندھکوٹ میں آج پانچویں روز بھی دھرنا جاری ہے۔

دھرنے کے شرکا نے جیکب آباد قومی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ پر احتجاجی کیمپ لگاکردھرنا دے رکھا ہے۔

کئی کارکنان سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں کی آمدورفت کو روک دی ہیں۔

کندھ کوٹ انڈس ہائی وے پر بھی میں بھی جے یو آئی کے کارکنان کا دھرنا جاری ہے۔

دھرنے کے دوران سندھ پنجاب اور بلوچستان کو آنے والی بڑی گاڑیوں کو کارکنان کی جانب سے روکا جارہا ہے۔Facebook CountTwitter Share15 گھنٹے پہلے

آزادی مارچ: کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بھی شرکت

اسماعیل ساسولی

کراچی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے احتجاجی دھرنے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکنان بڑی تعداد میں دھرنے میں پہنچے جنہوں نے پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما راشد محمود سومرو نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں کا شکر گزار ہوں، ان کے رہنماؤں نے ایف آئی آر پر بات کی اور مجھے بتایا کہ ایف آئی آر سے متعلق ہمیں معلوم نہیں لیکن اس کی تحقیق کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی سندھ نے فیصلہ کیا ہے دھرنے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی جبکہ پورے ملک میں جب تک دھرنے چلتے رہیں گے اس وقت تک کراچی میں بھی دھرنا جاری رہے گا۔Facebook CountTwitter Share21 گھنٹے پہلے

آزادی مارچ کا پلان بی تیسرے روز بھی جاری

ویب ڈیسک

جمعیت علما اسلام (ف) کے آزادی مارچ کا پلان بی تیسرے روز بھی جاری ہے۔

جے یو آئی (ف) کے اراکین ملک بھر کی شاہراہوں کو آج بھی بند رکھیں گے جبکہ راولپنڈی-اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ موٹروے چوک پر بھی دھرنا دیا جائے گا۔

جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا عبد المجید ہزاروی، پیر عبد الشکور سمیت دیگر رہنما دھرنے میں شرکت کریں گے۔Facebook CountTwitter Share12:05 PM, نومبر 16

ژوب: دھرنے کے باعث بلوچستان، خیبرپختونخوا کے مابین رابطہ معطل

اسماعیل ساسولی

ژوب: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلان بی کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں قومی شاہراہ پر دھرنا شروع ہوگیا۔

سلیازہ کے مقام پر جے یو آئی (ف) اور پشتونخوا (میپ) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے دھرنا دے کر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی۔

دھرنے اور احتجاج کے باعث بلوچستان خیبرپختونخوا کے مابین رابطہ معطل ہوگیا۔

دوسری جانب ژوب میں مال بردار اور مسافر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور اسلام آباد پنڈی سے کوئٹہ جانے ولی مسافر کوچز پھنس گئیں۔Facebook CountTwitter Share11:58 AM, نومبر 16

نوشہرہ: ‘پلان بی کے تحت جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا’

سراج الدین

نوشہرہ: جمیعت علما اسلام (ف) کی جناب سے پلان بی کے تحت دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے اور احتجاجی شرکا نے حکیم آباد سے جانے والی تمام راستیں بند کردیے۔

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ پلان بی کے تحت جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

مرکزی شاہراوں کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شاہراوں کی بندش کے باعث مسافر گاڑیاں متبادل راستہ استعمال کررہی ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مزکری قیادت کی ہدایت پر جی ٹی روڈ رات 8 بجے کے بعد کھول دی جائے گی۔Facebook CountTwitter Share

9:56 AM, نومبر 16

حب ریور روڈ پر جے یو آئی کا دھرنا ‘عارضی’ طور پر ختم ہونے کے بعد دوبارہ جاری

ویب ڈیسک

کراچی: حب ریور روڈ پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے ‘عارضی’ طورپر ختم کرنے کے بعد صبح ہوتے ہی دوبارہ دھرنا دے دیا۔

مقامی عہدیدار مولانا عمر صادق نے بتایامرکزی قیادت کی کال پر دھرنا رات کے لیے ختم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح 9 بجے سے دھرنا دے کر پھر سے حب ریور روڈ بند کردیا۔

جے یو آئی ف کراچی کے رہنماء مولانا عمر صادق نے بتایا کہ اب دھرنا صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی قیادت کے حکم مطابق دھرنے میں مسافروں پریشان نہ کرنے کے لیے رات 8 بجے سے صبح 8 بجے تک سڑک کھولی جائے گی۔Facebook CountTwitter Share12:33 AM, نومبر 16

مولانا فضل الرحمٰن اور رہبر کمیٹی نے پلان ‘بی’ اور ‘سی’ کا نہیں بتایا، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اور رہبر کمیٹی کی جانب سے پلان ‘بی’ اور ‘سی’ کا نہیں بتایا ہے۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘کور کمیٹی نے رہبر کمیٹی ارکان کے کردار کو سراہا جبکہ ہم نے مولانا فضل الرحمٰن سے جو وعدے کیے ان وعدوں پر پورا اترے لیکن جہاں تک سول نافرمانی کی بات ہے تو ہم اس کے حق میں نہیں۔’

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور رہبر کمیٹی نے پلان ‘بی’ اور ‘سی’ کا نہیں بتایا، جب تک تمام معلومات سے آگاہ نہیں کیا جاتا پلان ‘بی’ سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کی (ق) لیگ کے ساتھ کیا باتیں ہو رہی ہیں ہمیں اس کا بھی نہیں بتایا گیا۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘اعتماد سے کہہ رہا ہوں کہ یہ سلیکٹڈ وزیر اعظم نہیں رہے گا، اگلے سال تک نیا وزیر اعظم ہوگا، حکمرانوں کو اندازہ نہیں ان کے خلاف جدوجہد مزید تیز ہو چکی ہے، آئندہ سال تک نئے انتخابات اور نیا وزیر اعظم ہو گا اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو جانا پڑے گا۔

مکمل خبر یہاں پڑھیں۔

بلاول بھٹو زرداری میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو زرداری میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

Facebook CountTwitter Share11:08 PM, نومبر 15

پلان بی: پشاور ہائیکورٹ نے فضل الرحمٰن،دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا

سراج الدین

پشاور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کی جانب سے شاہراہیں بند کرنے کے خلاف دائر درخواست پر مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

شاہراہیں بند کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ جے یو آئی (ف) نے عدالت میں کہا تھا کہ وہ پرامن رہے گی، اب وہ پرامن رہنے کی بات پر عمل کرے۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ سڑکیں بند کرنا شہریوں کی بنیادی و آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہٰذا جے یو آئی (ف) کو سڑکیں بند کرنے سے روکا جائے۔

عدالت نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔Facebook CountTwitter Share10:42 PM, نومبر 15

مولانا فضل الرحمٰن کا رات کے اوقات میں شاہراہیں کھلی رکھنے کا اعلان

ویب ڈیسک

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے رات کے اوقات میں شاہراہیں کھلی رکھنے کا اعلان کر دیا۔

نوشہرہ میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘کارکنان صبح سے مغرب تک دھرنا دیں کیونکہ ٹھنڈ بڑھنے کی وجہ سے مسافروں اور کارکنوں کو تکلیف ہوتی ہے، طاقت ہم نے دکھا دی ہے اب اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے عام آدمی کی زندگی کو متاثر نہیں کرنا اس لیے ہم نے شہروں سے باہر احتجاج کیا ہے اور اس کے بعد شہروں کے اندر بھی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ یہ تحریک رُکے گی نہیں۔’

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘مجھے اس کا احساس ہے کہ جب سڑکیں بند ہوتی ہیں تو عوام کو مشکلات پیش آتی ہیں لیکن جب راستے میں بڑا پتھر پڑا ہو تو اسے ہٹانے کے لیے لوگوں کو کچھ مشقت برداشت کرنا پڑتی ہے، آج سب سے بڑا پتھر موجودہ ناجائز حکومت ہے اور ہم نے عوام کی طاقت کے ساتھ اس پتھر کو راستے سے ہٹانا ہے۔’

مکمل خبر یہاں پڑھیں۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

Facebook CountTwitter Share6:23 PM, نومبر 15

جے یو آئی (ف) نے شاہراہ ریشم، انڈس ہائی وے کو بند کردیا

جاوید حسین

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے حکومت کے خلاف پلان ‘بی’ پر عملدرآمد جاری ہے۔

جے یو آئی (ف) ہزارہ ڈویژن نے پلان ‘بی’ کے تحت شاہرہ ریشم کو مانسہرہ سے بند کردیا ہے اور مولانا ہدایت اللہ شاہ، مفتی ناصر محمود سمیت دیگر ذمہ داران موقع پر موجود ہیں۔

شاہراہ ریشم بند ہونے سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) جنوبی اضلاع کی جانب سے بنوں کے مقام پر انڈس ہائی وے کو بند کر دیا گیا

انڈس ہائی وے بند ہونے سے بھی ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔Facebook CountTwitter Share3:10 PM, نومبر 15

جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے شاہراہ قراقرم کو بند کردیا

عمر باچا

جمعیت علمائے اسلام(ف) کے کارکنوں نے شانگلہ میں دندائی کے مقام پر شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

شاہراہ قراقرم کی بندش کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بین الاقوامی روٹ بند ہونے سے مسافر پھنس گئے ہیں۔Facebook CountTwitter Share3:07 PM, نومبر 15

کراچی: حب ریور روڈ پر جے یو آئی کارکنان کا دھرنا

اسماعیل ساسولی

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے کراچی کے حب ریور روڈ پر جمعے کی نماز ادا کی۔

نماز کی ادائیگی کے بعد مظاہرین نے شاہراہ بند کردی اور مرکزی روڈ ٹریفک کے لیے آمد و روفت کے لیے بند ہوگئی۔

—فوٹو: اسمٰعیل ساسولی
—فوٹو: اسمٰعیل ساسولی

Facebook CountTwitter Share3:01 PM, نومبر 15

نماز جمعہ سے قبل جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند

شکیل قرار

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے اسلام آباد کا جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی۔

جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عبدالرؤف، مولانا عبدالمجید ہزاروی، حافظ ضیاء الرحمن اور مفتی اویس نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے پولیس تعینات کی گئی ہے۔

—فوٹو: شکیل قرار
—فوٹو: شکیل قرار

Facebook CountTwitter Share2:50 PM, نومبر 15

مولانا فضل الرحمٰن چکدرہ میں مظاہرین سے ملاقات کریں گے

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر پارٹی رہنما کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن احتجاج میں شریک کارکنوں سے ملاقات کے لیے خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے چکدرہ کا دورہ کریں گے۔

سینئر پارٹی رہنما نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے سوات میں رات گزاری تھی اور واپسی پر چکدرہ میں شرکا سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے دورے کی تیاریاں کرلی گئیں ہیں۔Facebook CountTwitter Share2:28 PM, نومبر 15

حب ریور پر دھرنا: جے یو آئی کی مقامی قیادت کےخلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک

کراچی: حب ریور پر دھرنا دینے پر جمعیت علمائے اسلام سندھ کی قیادت کے خلاف ‘بلوے’ کا مقدمہ درج ہوگیا۔

مقدمہ سرکاری کی مدعیت میں سیکریٹری جنرل راشد سومرو و دیگر کے خلاف درج ہوا۔

مقدمے کا متن کے مطابق دو سو سے ڈھائی سو افراد نے اچانک حب ریور روڈ بند کردیا اور وہ لاٹھی بردار تھے ،

جے یو آئی (ف) کے رہنما کے خلاف مقدمہ موچکو تھانے میں درج کیا گیا۔

علاوہ ازیں دھرنے کے مقام پر جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو کے امامت میں نماز جمعہ ادا کیا گیاFacebook CountTwitter Share10:42 AM, نومبر 15

2020 بہت دور ہے 2019 میں انتخابات ہوتے دیکھ رہا ہوں، مولانا فضل الرحمٰن

ویب ڈیسک

جمیعت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے آزادی مارچ ختم کرنے کے بعد ملک کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دے دیا گیا۔

اس صورتحال میں مولانا فضل الرحمٰن نے گجرات کے چوہدری برادران سے ملاقات کی جنہوں نے ’حقیقی اپوزیشن رہنما‘ بن کر ابھرنے پر جے یو آئی سربراہ کو سراہا۔

تاہم مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ انہیں رواں سال انتخابات ہوتے نظر آرہے ہیں۔

ملاقات کے بعد صحافیون سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ’2020 کو بہت دور ہے میں 2019 میں انتخابات ہوتے دیکھ رہا ہوں‘۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنا دعویٰ دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت کمزور ہورہی اور لرز رہی ہے، ہم اب بھی لوگوں کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے احتجاج میں ہیں‘۔Facebook CountTwitter Share10:36 AM, نومبر 15

خضدار: کوئٹہ کراچی شاہراہ بلاک کرنے کا شیڈول جاری

ویب ڈیسک

بلوچستان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد خضدار پر کوئٹہ کراچی شاہراہ بلاک کرنے کا اعلان کردیا۔

اس ضمن میں مقامی عہدیداروں نے خضدار پر کوئٹہ کراچی شاہراہ بلاک کرنے کا شیڈول بھی جاری کردیا۔

علاوہ ازین بتایا گیا کہ ہر روز وہ صبح سے شام تک سڑکیں بلاک کردیں گے۔Facebook CountTwitter Share1:13 AM, نومبر 15

اسی سال کے باقی ایام میں اپنے مقاصد حاصل کر لیں گے، مولانا فضل الرحمٰن

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم نے اس حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں اور تنا گرانے کے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں، امید ہے تحریک زیادہ طویل عرصہ نہیں چلے گی اور ہم اسی سال کے باقی ایام میں اپنے مقاصد حاصل کر لیں گے۔

نجی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) نے پلان ‘بی’ کے تحت ملک بھر میں قومی شاہراہیں بند کرنے اور اس سے عوام کو مشکلات کے حوالے سے کہا کہ ‘ہم نے شہروں کے اندر احتجاج نہیں کیا تاکہ لوگ اپنے معمولات زندگی برقرار رکھیں لیکن شاہراہوں کی طرف جانے پر ہمیں حکمرانوں نے مجبور کیا ہے، اگر وہ ہماری اسلام آباد میں موجودگی کے دوران ہی استعفیٰ دے دیتے تو شاید اس کی نوبت نہ آتی۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا ہدف صرف شاہراہیں بند کرنا نہیں ہے، ہم اس سے بھی آگے بڑھیں گے اور بڑھتے چلے جائیں گے یہاں تک کہ ہم اس ناجائز حکومت کا خاتمہ نہ کر دیں، ہمارے پہلے کیے گئے ملین مارچ سے قوم میں بیداری آئی اور پورے ملک سے عوام اسلام آباد میں ہمارے شریک سفر بنے، اب ملک کے عوام سڑکوں پر آئیں گے، مظاہرے ہوں گے، اس سے ملک کی سیاست کو نیا رُخ ملے گا اور اس میں قوت پیدا ہو گی۔’

مکمل خبر یہاں پڑھیں۔Facebook CountTwitter Share7:51 PM, نومبر 14

جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے کوئٹہ ۔ کراچی قومی شاہراہ بند کردی

غالب نہاد

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے کوئٹہ ۔ کراچی قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی۔

قومی شاہراہ کو زیرو پوائنٹ پر رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ہے اور جے یو آئی (ف) کے کارکنان شاہراہ بند کر کے احتجاجی دھرنا دے رہے ہیں۔

دھرنے کی قیادت جے یو آئی کے رہنما مولانا قمر الدین میر یونس کر رہے ہیں۔

قومی شاہراہ کی بندش سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔Facebook CountTwitter Share7:45 PM, نومبر 14

پلان ‘بی’ عمران خان کو بھگا کر دم لے گا، عبدالغفور حیدری

جاوید حسین

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ پلان ‘بی’ عمران خان کو بھگا کر دم لے گا اور جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا ہماری تحریک جاری رہے گی۔

اسلام آباد کے موٹروے چوک پر جے یو آئی (ف) کے پلان ‘بی’ کے تحت احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ آج ملک بھر میں پلان بی کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ ہم ان نا لائقوں کو کہتے تھے کہ پلان ‘بی’ پلان ‘اے’ سے سخت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے احتجاج کی وجہ دھاندلی ہے، 2018 کے انتخابات میں پس پردہ قوتوں نے فاسق و فاجر شخص کو قوم پر مسلط کیا، ہم نے پہلے دن سے اس الیکشن کو تسلیم نہیں کیا جبکہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق کیا کہ تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں بھی کچھ قوتوں نے ہمیں روکنے کی کوشش کی لیکن ہماری جنگ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی جنگ ہے، انہوں نے ایک طرف ختم نبوت کی دیوار میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی تو دوسری طرف پوری قوم کو کنگال کر دیا ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملک بھر کا لاک ڈاؤن کرنا ہماری مجبوری ہے، پلان ‘بی’ عمران خان کو بھگا کر دم لے گا اور جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا ہماری تحریک جاری رہے گی۔

جے یو آئی (ف) کے کارکنان موٹروے چوک پر دھرنا دے رہے ہیں — فوٹو: جاوید حسین
جے یو آئی (ف) کے کارکنان موٹروے چوک پر دھرنا دے رہے ہیں — فوٹو: جاوید حسین

Facebook CountTwitter Share5:18 PM, نومبر 14

”تمام بڑی شاہراہوں پر کارکن اورعوام جمع ہیں’

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم آزادی مارچ کو جاری رکھے ہوئے ہیں، اب ایک اجتماع کے بجائے ملک بھر میں اجتماع کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

چوہدری برادران کےہمراہ مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تقریباً تمام بڑی شاہراہوں پر کارکنوں اورعوام جمع ہیں۔

انہوں نے نواز شریف سے متعلق کہا کہ سابق وزیر اعظم کو علاج کے لیے غیر مشروط طور پر بیرون ملک جانے دیا جائے۔

فضل الرحمٰن نے کہا کہ کارکنوں کو واضح ہدایت دی گئی کہ مریض، مسافروں، خواتین اور میت وغیرہ کا خاص خیال رکھیں۔Facebook CountTwitter Share2:33 PM, نومبر 14

مانسہرہ: جے یو آئی کے سکریٹری جنرل کا شرکا سے خطاب

ویب ڈیسک

مانسہرہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی سیکرٹری جنرل ناصر محمود کا شاہرہ ریشم پر جاری دھرنے کا شرکا سے خطاب کررہے ہیں۔

Facebook CountTwitter Share2:29 PM, نومبر 14

اہم تجارتی شاہراہ ریشم کو بند کردیا گیا

عارف حیات

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزادی مارچ کے پلان بی پر عمل درآمد شروع کرتے ہوئے ملک کی اہم شاہراہیں بند کرنے کا آغاز کردیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے قریب چتر پلین کے مقام پر اہم تجارتی شاہراہ شاہرہ ریشم کو بند کردیاگیا ہے۔

شاہرہ ریشم پر جاری مظاہرے کی قیادت امیر جےیوآئی خیبرپختونخوا سینیٹر مولانا عطا الرحمٰن کررہے ہیں۔

اس نوقع ہر مولانا ناصر محمود، مفتی کفایت اللہ، سمیت صوبائی اور ملحقہ اضلاع کے ذمہ دار اور کارکنان موقع پرموجود ہیں۔

واضح رہے کہ شاہراہ ریشم پاکستان کی اہم تجارتی شاہراہ ہے جو پاکستان کو چائنا، کےپی کے کو گلگت سے جوڑتی ہے۔

اہم تجارتی شاہرہ کو بند کرنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے مردان سے نوشہرہ تک موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے قافلے پر مشتمل ریلی نکالی ہیں، یہ ریلی نوشہرہ پہنچ کر حکیم آباد کے مقام پر دھرنے میں تبدیل ہوجائے گی۔Facebook CountTwitter Share2:27 PM, نومبر 14

جیکب آباد: جے یو آئی (ف) کا دوسرے روز بھی دھرنا جاری

ویب ڈیسک

جیکب آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ کے پلان بی کے تحت دوسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔

جے یو آئی کے کارکنان نے تازہ دم ہو کر دوبارہ زیرو پوائنٹ کےمقام پر قومی شاہراہ بلاک کردی ہے۔

دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔Facebook CountTwitter Share1:13 PM, نومبر 14

بلوچستان میں 4 مقامات پر اہم شاہراہوں کو بند کرنے کا فیصلہ

غالب نہاد

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزادی مارچ کے پلان پر عمل درآمد شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں بلوچستان کی مقامی قیادت نے صوبے میں 4 مقامات پر شاہراہوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جے یو آئی (ف) کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید محمود آغاز نے بتایا کہ دوپہر کو چمن-کوئٹہ بین الاقوامی شاہراہ کو چمن میں سید حمید کراس کے مقام پر بند کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کو کوئٹہ سے ملانے والی قومی شاہراہ کو خضدار کے مقام پر بند کریں گے۔

سید محمود آغاز کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی شاہراہ کو ڈیرہ غازی خان کے سرحدی مقام پر بند کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پلان بی پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایران کو بلوچستان سے ملانے والی شاہراہ کو تفتان کے مقام پر بند کریں گے۔

صوبائی جنرل سیکریٹری نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھرنے کے مقامات پر فوری پہنچیں۔Facebook CountTwitter Share12:46 PM, نومبر 14

خبیربختونخوا: نوشہرہ میں دھرنے کا شرکا جمع ہونے لگے

ویب ڈیسک

خیبرپختونخوا کے شہر نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دھرنے کی قیادت مولاناعمرصادق کریں گے

اس حوالے سے بتایا گیا کہ دھرنا جامعہ فاروقیہ فیز2 کے سامنے دیاجائے گا۔

Facebook CountTwitter Share11:11 AM, نومبر 14

‘مولانا فضل الرحمٰن صرف 13 کے اسکور پر ہی بولڈ ہوگئے’

ویب ڈیسک

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے جمعیت علماے اسلام (جے یوآئی) مولانا فضل الرحمٰن کا نام لیے بغیر کہا کہ روحانی اور مذہبی پیشوا اسلام آباد سے ہجرت کر گئے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپنی ذاتی خواہش کی تکمیل کے لیے اسلام آباد میں سیاسی اسٹیج سجایا لیکن ان کا سارا اسکریٹ ختم ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کےلیے دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں ملک کی سلامتی و ترقی سے متعلق بہتر فیصلے کرنے کی توفیق عطا کرے۔

معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ جو پلان بی دیا ہے، اس ڈرامے کی اگلی قسط اسی طرح فلاپ ہوگی، جس طرح دھرنا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عوام سیاسی فنکاروں کی فنکاریوں سے آگاہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن صرف 13 کے اسکور پر ہی بولڈ ہوگئے۔Facebook CountTwitter Share10:23 AM, نومبر 14

پیپلز پارٹی، سندھ میں جے یو آئی احتجاج کی مخالف ہوگئی

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام کے دھرنے کی حمایت کرنے والی پیپلز پارٹی کی جانب سے اعلان سامنے آیا ہے کہ وہ سندھ میں احتجاج کو وسعت دینے کی اجازت نہیں دے گی۔

کراچی میں وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی سے جب جے یو آئی کی جانب سے سڑکیں اور شاہراہیں بند کرنے کے اعلان کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ تھا ’اس کی کبھی اجازت نہیں دی جاسکتی‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی فرد یا گروہ کا منصوبہ سڑکیں شاہراہیں بند کرنے، عوام کی زندگی میں مشکلات پیدا کرنے یا حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے کا تو ایسا نہیں ہونے والا‘۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ ہم عام آدمی کی زندگی میں کسی کی بھی مداخلت نہیں چاہتے اور سیکیورٹی اور تحفظ کے ساتھ صورتحال کو معمول پر رکھنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔Facebook CountTwitter Share1:22 AM, نومبر 14

جے یو آئی (ف) کا خیبر پختونخوا اور بلوچستان کیلئے پلان ‘بی’

جاوید حسین

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی صوبائی قیادتوں نے جمعرات کے لیے مارچ کے پلان ‘بی’ کا اعلان کردیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاالرحمٰن نے بتایا کہ جمعرات کو 2 بجے انڈس ہائی وے بند کی جائے گی، پشاور ۔ لاہور موٹروے کو بند کیا جائے گا، چکدرہ کے مقام پر سوات، دیر، چترال اور باجوڑ کی لائنز بند ہوں گی جبکہ شاہراہ قراقرم کو بھی بند کیا جائے گا۔

ناظم عمومی بلوچستان آغا سید محمود شاہ نے پلان ‘بی’ بتاتے ہوئے کہا کہ دوپہر 2 بجے کوئٹہ ۔ چمن شاہراہ مکمل بند کردی جائے گی، ایران ۔ تفتان شاہراہ، بلوچستان ۔ کراچی شاہراہ کو خضدار کے مقام پر اور پنجاب ۔ بلوچستان شاہراہ کو ڈیرہ غازی خان باؤنڈری پر بند کیا جائے گا۔Facebook CountTwitter Share1:00 AM, نومبر 14

جے یو آئی (ف) کا سندھ اور پنجاب کیلئے پلان ‘بی’

جاوید حسین

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی صوبائی قیادتوں نے جمعرات کے لیے مارچ کے پلان ‘بی’ کا اعلان کردیا۔

صوبہ سندھ کے لیے پلان ‘بی کا اعلان کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے ناظم عمومی سندھ مولانا راشد سومرو نے کہا کہ کراچی سے بلوچستان کا گیٹ وے حب ریور روڈ پر بند کیا جائے گا اور کراچی کے کارکن وہاں پہنچیں گے، لاڑکانہ، جیکب آباد اور ملحقہ اضلاع جیکب آباد کے مقام پر دھرنا دے کر سندھ بلوچستان شاہراہ بند کریں گے، سکھر، پنو عاقل، شکارپور اور ملحقہ اضلاع گھوٹکی کے مقام پر سندھ ۔ پنجاب کا رابطہ توڑیں گے جبکہ سکھر کے مقام پر سکھر ملتان موٹروے کو بند کیا جائے گا۔

ناظم عمومی پنجاب مولانا صفی اللہ بھکروی کا کہنا تھا کہ جمعرات کو 2 بجے کوٹ سبزل رحیم یار خان پر پنجاب ۔ سندھ شاہراہ کو بند کیا جائے گا، ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے بند کی جائے گی جبکہ راولپنڈی میں اسلام آباد کے دو داخلی مقامات پر دھرنا دے کر بند کیا جائے گا۔Facebook CountTwitter Share7:19 PM, نومبر 13

مولانا فضل الرحمٰن کا پلان ‘بی’ کے تحت نئے محاذ پر جانے کا اعلان

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام آباد کے پشاور موڑ پر کئی روز سے جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے پلان ‘بی’ کے تحت نئے محاذ پر جانے کا اعلان کردیا۔

آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ دو ہفتوں سے قومی سطح کا اجتماع تسلسل سے ہوا، اب نئے محاذ پر جانے کا اعلان کر دیا گیا ہے، ہمارے جاں نثار اور عام شہری سڑکوں پر نکل آئے ہیں، ہماری قوت یہاں جمع ہے اور وہاں ہمارے ساتھی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو کا انتظار ہے، ہم آج اسلام آباد سے روانہ ہوں گے اور جس طرح یہاں آئے ہیں اب اُسی طرح یہاں سے دوسرے محاذ پر جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں، نئے محاذ پر ہم سڑکیں بلاک کرنے والوں کے ساتھ ہوں گے، ہم پرامن ہیں اور ہم نے ملک کا نقصان نہیں کرنا لہٰذا ادارے بھی اس آزادی مارچ کا احترام کریں جبکہ اپنے کارکنان کی طرح پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھی عزیز ہیں۔

مکمل خبر یہاں پڑھیں۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

Facebook CountTwitter Share3:50 PM, نومبر 13

مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر مشاورتی اجلاس

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر مشاورتی اجلاس شروع ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت مولانا فضل الرحمٰن کررہے ہیں جس میں متعدد پارٹیوں کے سینئر رہنماؤں بشمول مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطا الرحمٰن اور محمد اسلم غوث بھی شامل ہیں۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ پارٹی رہنما پلان بی کی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے۔

اجلاس میں بند کیے گئے شاہرواں سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

مشاورتی اجلاس میں پلان بی سے متعلق خیبرپختونخوا میں کل سے عملدرآمد کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

علاوہ ازیں آزادی مارچ کا دھرنا اور موجودہ سیاسی صورتحال کے امور پر بھی اجلاس کا ایجنڈا ہے۔Facebook CountTwitter Share2:12 PM, نومبر 13

پلان بی پر عملدرآمد شروع: بلوچستان میں مرکزی شاہراہ بلاک کردی گئی

ویب ڈیسک

بلوچستان: جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پختونخوا عوامی ملی پارٹی کے کارکنوں نے چمن کے قریب ضلع قلعہ عبداللہ کی مرکزی شاہراہ بلاک کردی۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف احتجاج کے پلان بی میں مرکزی شاہرواں کو بند کرنا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام نے آزادی مارچ کے سترہویں دن حکومت مخالف احتجاج کے پلان پر عملدرآمد شروع کردی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنان کو گھروں سے نکلنے اور قانون ہاتھ میں نہ لینے کی تاکید کی تھی۔

Facebook CountTwitter Share2:01 PM, نومبر 13

دھرنے کے مقام پر صفائی کے انتہائی ناقص انتظام ہیں، شرکا کی شکایت

ویب ڈیسک

نجی چینل جیو کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دھرنے میں شریک شرکا نے شکایت کی کہ دھرنے کے مقام پر صفائی کا انتہائی ناقص انتظام ہے۔

رپورٹ میں شرکا کا حوالہ دیا گیا کہ دھرنا کے مقام پر بیت الخلا اور پانی کا ناقص انتظام ہے جس کے باعث بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

شرکا نے کہا کہ ’ہم اپنے رہنما کے احکامات تک یہاں رکھیں گے اور ناقص صفائی سے دھرنا متاثر نہیں ہوگا۔

بلوچستان کے شرکا عبداللہ نے کہا کہ ہاں ناقص صفائی وستھرائی کے باعث پریشانی ہے ، ہم نے صفائی کے لیے کچھ لوگ لگائے ہیں انصار الاسلام کے لوگ بھی صفائی مہم کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2014 کے دھرنا کے شرکا نہیں ہیں۔Facebook CountTwitter Share12:59 PM, نومبر 13

جے یو آئی کا پلان بی: ڈی آئی جی کا متعلقہ افسران کو مراسلہ جاری

ویب ڈیسک

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) شرجیل کھرل نے کراچی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلان بی کے تحت احجاجی دھرنے کے پیش نظر متعلقہ پولیس حکام کو مراسلہ ارسال کردیا۔

مراسلے میں ڈی آئی جی نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیا اور کہا کہ جے یو آئی (ف) پر امن ماحول اور حکومت پر اقتصادی نقصان پہچانے کے لیے کراچی کے مختلف مقامات پر غیر معینہ مدت تک دھرنا دے سکتی ہے۔

ڈی جی آئی نے مراسلے میں مندرجہ مقامات کا تذکرہ کیا۔

  1. زینب مارکیٹ چوک
  2. تین تلوار
  3. آئی سی آئی پل
  4. آئل ٹرمینل کے داخلے اور خارجی راستے
  5. میری ویدر ٹاور‎

ڈی آئی جی نے اپنے مراسلے میں کہا کہ مدارس اور مقامی ورکرز پر مشتمل لوگ دھرنا دیں گے جو اپنے ہمارے ٹینٹ اور کھانے پینے کی اشیا لائیں گے۔

انہوں نے تمام ایس ایس پیز کو خبردار کیا کہ ’صورتحال کی کڑی نگرانی کی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں‘۔Facebook CountTwitter Share12:46 PM, نومبر 13

مولانا کا پلان بی سیاسی بدحواسی پلان ہے، ڈاکٹر فردوس اعوان

ویب ڈیسک

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے اعلان کردہ پلان کو ’سیاسی بدحواسی پلان‘ قرار دے دیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیٖغام میں فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ مولانا کا پلان (بی) سیاسی بدحواسی پلان ہے، انہیں سمجھ نہیں آرہی وہ کیا کریں؟ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے سارے پلان ناکام ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا جمہوری اور عوامی پلان سامنے لائیں، (پلان بی) کے تحت کوئی ایسا غیر ذمہ دارانہ اقدام نہ اٹھائیں جو آپ کی اپنی سیاسی عبرت کا باعث بن جائے۔Facebook CountTwitter Share12:27 AM, نومبر 13

اب تحریک کو اتنی طاقت دی جائے گی کہ حکومت کا سنبھلنا ممکن نہیں ہوگا، فضل الرحمٰن

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بدھ سے آزادی مارچ کے پلان ‘بی’ پر عملدرآمد شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ یہاں کا اجتماع پلان ‘اے’ ہے جو باقی رہے گا اور اس کے ہوتے ہوئے ہم پلان ‘بی’ کی طرف جائیں گے، لیکن جب تک شرکا کو پلان ‘بی’ کی طرف جانے کا کہا نہ جائے آپ نے یہاں جمے رہنا ہے اور پلان کا اعلان ہوتے ہی قافلے اس طرف چل پڑیں گے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘پلان بی کی تفصیل صوبائیں جماعتیں دیں گی، کل سے ہم اس کو شروع کریں گے لیکن کل تک ہم نے اپنی جگہ سے ہلنا نہیں ہے اور اپنی جگہ پر برقرار رہتے ہوئے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا ہے، ہم نے گھروں میں نہیں جانا، گاؤں نہیں جانا، ہم نے میدان میں رہنا ہے اور مارچ کے شرکا کی وساطت سے ان کارکنوں کو ہدایت دینا چاہتا ہوں جو گھروں میں ہیں کہ اپنے گھروں سے نکل آئیں اور یہاں موجود لوگ ان کی مدد کو پہنچیں۔’

انہوں نے کہا کہ ‘اب اس تحریک کو اتنی طاقت دی جائے گی کہ پھر حکومت کا سنبھلنا ممکن نہیں ہوگا، لیکن کارکنان نے قانون و آئین کو ہاتھ میں نہیں لینا، تصادم سے خود کو بچانا ہے اور پرامن رہنا ہے۔’

مکمل خبر یہاں پڑھیں۔Facebook CountTwitter Share8:41 PM, نومبر 12

جے یو آئی (ف) کے پلان ‘بی’ پر کل سے عملدرآمد شروع ہوگا، ذرائع

جاوید حسین

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزادی مارچ کے پلان ‘بی’ پر کل سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے۔

باخبر ذرائع نے کہا کہ آزادی مارچ کے پلان ‘اے’ یعنی اسلام آباد کے پشاور موڑ کا دھرنا جاری رہے گا جبکہ ساتھ ہی کل سے پلان ‘بی’ پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پلان ‘بی’ کے تحت پہلے مرحلے میں اہم تجارتی شاہراہیں بند کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اضلاع کے ہیڈ کوارٹرز بند کیے جائیں گے۔

پلان ‘بی’ کی کامیابی کے چند روز بعد پشاور موڑ پر جاری آزادی مارچ موخر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی عہدیداران کو پلان ‘بی’ پر عملدرآمد کرنے کے لیے جے یو آئی (ف) کے اجلاس میں ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔Facebook CountTwitter Share5:54 PM, نومبر 12

جے یو آئی (ف) نے اپنے پلان ‘بی’ کو حتمی شکل دے دی

جاوید حسین

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں پلان ‘بی’ کو حتمی شکل دے دی گئی۔

ذرائع نے کہا کہ اجلاس میں جے یو آئی (ایف) کے چاروں صوبائی امیروں نے پلان ‘بی’ پر اپنی تیاری پر مکمل بریفنگ دی، مولانا فضل الرحمٰن نے چاروں امیروں کی پلان ‘بی’ پر تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام پلان کو دستاویزی شکل دی گئی اور سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی اہم مقامات پر لاک ڈاؤن کرنے کا منصوبہ پلان میں شامل ہے۔

ترجمان مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اجلاس کے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمٰن جلسہ گاہ میں کریں گے۔Facebook CountTwitter Share4:30 PM, نومبر 12

ہم ڈی چوک کی طرف نہیں جائیں گے، مولانا راشد سومرو

ویب ڈیسک

جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما و سیکرٹری جنرل سندھ مولانا راشد سومرو کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم ڈی چوک کی طرف نہیں جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پلان بی آگے جانے کا پلان ہے پیچھے ہٹنے کا نہیں، پلان اے پلان بی پلان سی پلان ڈی سب عمران خان کا استعفی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اپوزیشن کا متفقہ فیصلہ تھا ہم انتہا کی طرف نہیں جائیں گے اس لیے ہم ڈی چوک کی طرف نہیں جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘جمعیت علما اسلام (ف) کے پاس 16 رکن اسمبلی ہیں جبکہ دیگر جماعتوں کے 84 ارکان ہیں، اب انہیں ہماری بات ماننا چاہیے یا ہمیں ان کی؟’۔Facebook CountTwitter Share1:46 PM, نومبر 12

‘فضل الرحمٰن مظلوم کارکنوں کو پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں’

ویب ڈیسک

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰں مظلوم ورکروں کو اپنی پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘مولانا فضل الرحمٰن آپ اور آپ کے ہم نوا جبری تسلط کی منفی سوچ ترک کریں اور جمہوری رویہ اپنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘ آپ کو رنج ہے کہ ملک میں چند خاندانوں کی بجائے پہلی مرتبہ حقیقی عوامی راج کیوں قائم ہوا؟ آپ کی پریشانی یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان معیشت درست سمت ڈال کر عوام کا روزگار اور کاروبار چلانا چاہتے ہیں’۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰں مظلوم ورکروں کو اپنی پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔

معاون خصوصی نے کہا مولانا فضل الرحمٰن مظلوم کارکنوں کو بے رحم سرد موسم کے حوالے کرنے کی بجائے باعزت گھر واپسی کی ‘آزادی’ دیں۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں کے بچوں، بزرگوں کی صحت اور سلامتی خطرے میں نہ ڈالیں،آئین اور جمہوریت کے منافی مطالبے کرکے نظام کو نقصان نہ پہنچائیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن 4 سال صبر فرمائیں اور مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز بلند کر کے 10 سال کشمیر کمیٹی کے بطور چیئرمین پروٹوکول لینے کا قرض اتاریں۔Facebook CountTwitter Share11:46 AM, نومبر 12

آزادی مارچ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے جے یو آئی کا مشاورتی اجلاس طلب

جاوید حسین

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی زیرِصدارت آزادی مارچ سے متعلق جے یو آئی (ف) کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم درانی، جے یو آئی (ف) کے اراکین پارلیمان اور صوبائی عہدیداران شریک ہوں گے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آزادی مارچ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا اور پلان اے کے پلان بی سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مولانا فضل الرحمٰن نے صوبائی تنظیموں سے پلان بی پر رائے مانگی تھی لہذا تمام صوبائی امرا اپنی تیاری کے حوالے سے اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔

اجلاس سے متعلق ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبائی عہدیداران آگاہ کریں گے کہ کس صوبے میں کون سی شاہراہ کو مکمل کرنا ممکن ہے۔

علاوہ ازیں پلان بی کے ساتھ کشمیر ہائی پر دھرنا جاری رکھنا ہے یا نہیں اس حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پلان بی میں ملک بھر کی مرکزی شاہراہوں اور تجارتی رابطوں کو منقطع کرنے کا فیصلہ آج ہوگا۔

ساتھ ہی اجلاس میں آزاردی مارچ کے لیے تشکیل کردہ مختلف 6 رابطہ کار کمیٹیاں اپنی کارکردگی سے متعلق آگاہ کریں گی۔Facebook CountTwitter Share11:15 AM, نومبر 12

احتجاج کو وسعت دیں یا نہیں، جے یو آئی (ف) میں اتفاق نہ ہوسکا

ویب ڈیسک

پیر کے روز جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں ہونے والے مرکزی مجلس کے اجلاس میں پلان بی کے ساتھ ساتھ دھرنے میں دیگر سیاسی جماعتوں کے کردار پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں شریک ایک رکن نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جے یو آئی (ف) کے زیادہ تر صوبائی اور ضلعی عہدیدار اسلام آباد میں موجود ہیں اس لیے انہیں دھرنے کو دیگر شہروں اور قصبوں تک وسعت دینے کے لیے وقت درکار ہے‘۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے زیادہ تر ساتھیوں کا کہنا تھا کہ دھرنے میں اپوزیشن کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی حمایت کی توقع نہیں رکھنی چاہیے‘۔

علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کے پلان بی کے حوالے صوبائی تنظیموں کو کل تک رائے دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ان سے پوچھا ہے کہ کس صوبے میں کون سی شاہراہ کو مکمل بند کرنا ممکن ہے۔

مکمل خبر یہاں پڑھیں۔Facebook CountTwitter Share1:26 AM, نومبر 12

ناجائز اور بدبودار حکومت کا خاتمہ ہمارے ایمان کا تقاضہ ہے، سربراہ جے یو آئی (ف)

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اس ناجائز اور بدبودار حکومت کا خاتمہ کرنا ہمارے ایمان کا تقاضہ ہے اور اسی جذبے کے ساتھ یہ تحریک آگے بڑھے گی اور قوم کو ان ناجائز قوتوں سے نجات دلا کر رہیں گے۔

اسلام آباد میں ‘آزادی مارچ’ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ایسے لوگوں کا ملک پر مسلط ہونا ایک عذاب الہٰی سے کم نہیں ہے، دوسروں کو چور کہنا آسان نہیں لیکن اتنے بڑے چور کہ اگر ان کی بہن نے دبئی میں 70 ارب ڈالر کی جائیدادیں بنائی ہیں تو کیا اس کا حساب نہیں لیا جائے گا، دوسروں کو چور کہنے والے خود چور نکل آئے اور چور بھاگتا ہے تو وہ بھی خود کو بچانے کے لیے ‘چور، چور’ کے نعرے لگاتا ہوا بھاگتا ہے لیکن اب یہ لوگ پھنس چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک افراتفری کا شکار ہے، ملک پر حکومت کی رِٹ ختم ہو چکی ہے، قوم ایک پیج پر ہے اور اس کا یہی مطالبہ ہے کہ ہم پاکستان پر جبر کی حاکمیت کو تسلیم نہیں کرتے، ہم ملک پر سو سال سے زائد عرصے تک حکمرانی کرنے والے انگریزوں سے آزادی حاصل کر سکتے ہیں تو آج بھی ملک کے عوام میں اتنی طاقت موجود ہے کہ یہودیوں کے ایجنٹوں کو شکست دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بار کہہ دیا کہ یہ حکومت ناجائز ہے تو کسی کا باپ بھی اسے ہم سے جائز نہیں منوا سکتا جبکہ اب وقت آگیا ہے کہ ان حکمرانوں سے حساب لیا جائے۔

مکمل خبر یہاں پڑھیں۔Facebook CountTwitter Share7:07 PM, نومبر 11

تمام سیاسی جماعتیں مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہیں، مشاہداللہ خان

ویب ڈیسک

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور تمام سیاسی جماعتیں مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہیں۔

مشاہداللہ خان نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس امپائر کی انگلی ہے تو ہمارے پاس مولانا فضل الرحمٰن کا انگوٹھا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے مدینے کی ریاست کا بارہا ذکر کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ مصلے چرانے والے ریاست مدینہ کی بات کر رہے ہیں، عمران خان کا وژن بھی یوٹرن لیتا ہے۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اللہ کا معجزہ ہے کہ نواز شریف بچ گئے ہیں، اللہ جانے ان لوگوں نے نواز شریف کے ساتھ کیا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ پلیٹ لیٹس کو ہٹ کیا گیا ہے جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی ہے۔

،Facebook CountTwitter Share6:57 PM, نومبر 11

‘کس صوبے میں کونسی شاہراہ کو مکمل بند کرنا ممکن ہے’

جاوید حسین

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آزادی مارچ کے پلان بی کے حوالے صوبائی تنظیموں کو کل تک رائے دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ان سے پوچھا ہے کہ کس صوبے میں کون سی شاہراہ کو مکمل بند کرنا ممکن ہے۔

مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تاہم مولانا فضل الرحمٰن نے صوبائی تنظیموں سے پلان بی پر رائے مانگ لی ہے اور تمام صوبائی امراء کو اپنی تیاری کے حوالے سے مرکزی مجلس عاملہ کو کل بریفنگ دینے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے تمام اراکین کو پلان بی پر اپنی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کی اور ان سے تفصیل طلب کی ہے کہ کس صوبے میں کون سی شاہراہ کو مکمل بند کرنا ممکن ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کل بعد نماز ظہر جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ طلب کرلیا ہے جہاں صوبائی عہدیدار اپنی تیاری اور وسائل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے پلان بی کے ساتھ کشمیر ہائی وے پر دھرنا بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور پلان بی کے تحت ملک بھر کی مرکزی شاہراہوں اور تجارتی رابطوں کو منقطع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔Facebook CountTwitter Share4:52 PM, نومبر 11

رجسٹرار پی ایم ڈی سی کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات

جاوید حسین

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ( پی ایم ڈی سی ) کے وفد نے ملازمین کی برطرفیوں اور آرڈیننس پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو بریفنگ دی۔

رجسٹرار پی ایم ڈی سی ڈاکٹر اظہر شاہ نے بتایا کہ حکومت نے قومی اسمبلی سے آرڈیننس منظور کروایا جس پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے پی ایم ڈی سی کے برطرف ڈھائی سو ملازمین سڑک پر ہیں اور کوئی حکومتی نمائندہ برطرف ملازمین کی خیریت تک پوچھنے نہیں آیا۔

ڈاکٹر اظہر شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے سینیٹ میں آرڈیننس کی سخت مخالفت کی یقین دہانی کرائی ہے۔Facebook CountTwitter Share4:41 PM, نومبر 11

ۤآزادی مارچ: ‘حکومت کی غیر سنجیدگی اسے لے ڈوبے گی’

جاوید حسین

پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان کاکڑ نے کہا کہ اپوزیشن ہر جمہوری عمل کو تحریک کا حصہ بنائے گی۔

جمعیت علما اسلام (ف) کے ‘پلان بی’ سے متعلق نئی حکمت عملی کے لیے محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں وفد نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔

بعدازاں عثمان کاکٹر نے بتایا کہ اگلا لاٸحہ عمل ابھی طے نہی ہوا جیسے ہو گا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں اور یہ ہی غیر سنجیدگی اسے لے ڈوبے گی۔Facebook CountTwitter Share3:22 PM, نومبر 11

وزیر اعظم کے استعفے کے برابر کا معاہدہ قابل قبول ہوگا، مولانا فضل الرحمٰن

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جہاں ان کی جماعت وزیر اعظم کے استعفیٰ سے کم پر معاہدہ کرنے کو تیار نہیں وہیں وزیر اعظم عمران خان کے استعفیٰ کے ‘برابر’ کے کوئی معاہدے پر غور کیا جائے گا۔

انگریزی اخبار دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی بات کی مزید وضاحت نہیں دی۔

دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں بات کرتے ہوئے فضل الرحمٰن نے باعزت طریقے سے دھرنے سے نکلنے کی رپورٹس کو مسترد کیا اور کہا کہ حکومت کو اپنی عزت بچانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت میں ‘آزادی مارچ’ اور دھرنے نے عوام سے حکومت کا خوف نکال دیا ہے۔Facebook CountTwitter Share3:21 PM, نومبر 11

جے یو آئی (ف) کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع

ویب ڈیسک

آزادی مارچ پر بحث کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کا اجلاس پارٹی صدر مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق دھرنوں کے مستقبل کے حوالے سے اجلاس میں مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں احتجاج کے آئندہ کے لائحہ عمل ‘پلان بی’ کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی جس میں اہم شاہراہیں اور شٹر ڈاؤن ہڑتال شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں اجلاس میں اہم فیصلے کیے جانے متوقع ہیں۔

اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عطا الرحمٰن، مولانا عبدالغفور حیدری اور اکرم درانی سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔Facebook CountTwitter Share3:09 PM, نومبر 11

جے یو آئی (ف) کی قیادت آج ‘پلان بی’ پر مشاورت کے لیے ملاقات کرے گی

ویب ڈیسک

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت آج پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ‘پلان بی’ پر عمل در آمد کے لیے ملاقات کریں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کی قیادت مولانا فضل الرحمٰن کریں گے اور اس میں ‘پلان بی’ پر بحث کی جائے گی جس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کی تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published.

You may also like

Read More

اہم خبریں
ترکیہ میں 10 گھنٹے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ ترکیہ میں 10 گھنٹے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا ہے...
Read More
post-image
اہم خبریں
قصور: ” میرے پوت نوں مارنا نئیں”ناراض بیوہ بوڑھی ماں نے بیٹے بہو کو گلے لگا لیا بوڈھی ماں کی تھانے میں فریاد سے...
Read More
post-image
ٹیکنالوجی
ویووY15Cپاکستان میں متعارف کروا دیا گیا 16 اگست 2022 عالمی شہرت یافتہ سمارٹ فون بنانے والی کمپنی ویوو  نے پاکستان میںاپنی وائے سیریزمیں نیاY15Cمتعارف...
Read More
post-image
اہم خبریں
مگرمچھوں کے ناپید ہونے سے ہمارے ماحول پر تباہ کن اثرات ہوں گے، ماہرین سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ مگر مچھوں کی...
Read More
post-image
اہم خبریں
اے پی ایس حملے کا ماسٹرمائنڈ عمر خالد خراسانی بم دھماکے میں ساتھیوں سمیت ہلاک کالعدم تحریک طالبان پاکستان کےاہم کمانڈر عمرخالد خراسانی ساتھیوں...
Read More