

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘جنرل بپن مسلسل غیر ذمہ دارانہ بیانات سے جنگ کو ہوا دے رہے ہیں اور سیاسی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے علاقائی امن خطرے میں ڈال رہے ہیں۔’
انہوں نے کہا کہ ‘بھارتی آرمی چیف کا واحد کارنامہ جعلی سرجیکل اسٹرائیک ہے جس سے انہوں نے اپنی فوج کو روگ (سرکش) فورس میں تبدیل کردیا ہے اور اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بنے۔’
میجر جنرل آصف غفور کا اپنے دوسرے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات معصوم لوگوں کے خون سے تر ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کو ہونے والے نقصانات اور نام نہاد تکنیکی خرابی کے باعث ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثات کا مقصد ان کا بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) بننا ہے، لیکن یہ سب پیشہ وارانہ فوجی اخلاقیات کی قیمت پر ہو رہا ہے۔
