
حکومت کی طرف سے کیو موبائل کی کاپی تیار کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان
چھاپے مارے جارہے ہیں اور غیر قانونی طور پر فروخت کرنیوالے سمگلرز‘ریٹیلرز اور دکانداروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے‘کسٹم حکام

لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان میں صفحہ اول کی اور سب سے زیادہ فروخت کرنیوالی معروف کمپنی کیو موبائل کے جعلی اور سمگل شدہ فون فروخت کرنے والے سمگلرز‘دکانداروں‘ریٹیلرز اور دیگر کیخلاف حکومت پاکستان نے کارروائی کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں حکومت پاکستان‘محکہ ایف بی آر کے شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن‘کسٹم ریجنل آفس لاہور میں لیٹر نمبرLHR17/2018/2808 جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں کچھ لوگ کیو موبائل فون”کیو موبائل فونز“برانڈ کے نام سے کاپی تیار کرکے پاکستان کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے اور یہ فون چائنہ اور دیگر ذرائع سے پاکستان میں آتے تھے اور اس حوالے سے کیو موبائل فون کمپنی نے باقاعدہ طور پر پاکستان بھر کے درجنوں دکانداروں‘سمگلرز اور ریٹیلرز کی لسٹ بھی حکومت پاکستان کو فراہم کی تھی جس پر اب حکومت پاکستان نے باقاعدہ طور پر ان سمگلرز اور کیو موبائل فون کی کاپی تیار کرنیوالوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ایف بی آر کے شعبہ کسٹم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کیو موبائل فون کی کاپی تیار کرنیوالے افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے اور جو بھی شخص یا دکاندار کیو موبائل فون کی کاپی تیار کرے گا اسکو قانون کے دائرہ کار میں سخت ترین سزا دی جائے گی۔واضح رہے کہ کیو موبائل فون پاکستان میں صفحہ اول کی کمپنی ہے اور عرصہ دراز سے پاکستانی عوام کو جدید ترین اور سستے موبائل فون فراہم کرتی ہے اور یہ کمپنی پاکستانی حکومت کو بھی ہر سال کروڑوں روپے ٹیکس ادا کرتی ہے۔

