

اسلام آباد: حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا آغاز ہوگیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا تلاوت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ کانفرنس میں جماعت اسلامی کے سوا تقریبا تمام اپوزیشن جماعتیں شرکت کر رہی ہیں۔ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن)، عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی کے وفود اے پی سی میں شریک ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے وفد میں شہبازشریف، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، ایاز صادق، احسن اقبال، مرتضیٰ جاوید عباسی، مریم اورنگزیب، راناثنااللہ اور دیگر شامل ہیں۔ پی پی پی کی طرف سے بلاول بھٹو زرداری، یوسف رضاگیلانی،شیری رحمان، رضاربانی، نیّربخاری، فرحت اللہ بابر شرکت کررہے ہیں۔ میر حاصل بزنجو کی سربراہی میں نیشنل پارٹی کا وفد جبکہ ایم ایم اے کے ساجد میر اور دیگر رہنما اے پی سی میں شرکت کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک اور بجٹ منظوری رکوانے پر مشاورت ہوگی جب کہ اسلام آبادلاک ڈاؤن کی تجویزاورجلسوں کا شیڈول بھی زیرغور آئیں گے۔
دوسری جانب حکومتی ٹیم نے بی این پی مینگل کو بجٹ کی حمایت کے لیے منالیا ہے اور اختر مینگل نے اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
