

ساہیوال ( )ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی نے کہا ہے کہ وائرس سے ہونے والی بیماریوں کو روکنے کا واحد ذریعہ احتیاط ہے کیونکہ ایک شخص سے دوسرے شخص کو ہونے والی بیماریوں کو ویکسینیشن اور ادویات سے روکنا مشکل ہے – ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیو اور ڈینگی جیسی خطر ناک بیماریوں کو ختم کر نے کے لئے عوام کو شعور دیا جائے تا کہ وہ خود احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ان بیماریوں سے بچ سکیں -انہوں نے یہ بات ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ان دونوں خطر ناک بیماریوں سے آگہی کے لئے ہونے والی واک اور سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد ،پروفیسر ہارون الرحمن گیلانی ،ڈاکٹر اختر محبوب ،ڈاکٹر عمر اجمل ،ڈاکٹر شاہد نذیر ،ڈاکٹر عامر دیوان ،ڈاکٹر خالد خان ،پیرا میڈیکل سٹاف ،کالج سٹوڈنٹس اور عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی -انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار سے بچنے کا واحد ذریعہ مچھروں کی افزائش کو روکنا ہے جو سب سے زیادہ گھروں میں موجود صاف پانی کے برتنوں ،گملوں ،کیاریوں اور کھلی جگہوں پر افزائش کرتا ہے -ضروری ہے کہ عام آدمی اس بخار کے خطرے کو سمجھے اور اپنے اپنے گھروں اور گردونواح میں صفائی کویقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پانی کو کھڑا ہونے سے روکے -اسی طرح پولیو جیسی عمر بھر کی معذوری دینے والی بیماریوں کو روکنے کا واحد ذریعہ ویکسینیشن ہے جس کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے -انہوں نے بتایا کہ سال 2019میں اب تک پاکستا ن میں پولیو کے 76کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو پچھلے کئی سالوں میں سب سے زیادہ ہیں -یہ کیسز نہ صرف محکمہ صحت سے وابستہ افراد بلکہ عام آدمی کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہیں اس لئے ہر شخص 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائے تا کہ نئی نسل کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے -واک کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر آگہی کے لئے نعرے درج تھے
