

ضلع شہید بینظیر آباد میں 11 سال بعد 3 سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوگئی۔
ضلعی صحت حکام ڈاکٹر معین الدین شیخ نے بیگ محمد رند گاؤں میں 3 سالہ بچی بسمہ رند میں پولیو وائرس کی تشخیص کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ کیس کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد انہوں نے نمونے لیے اور اسے اسلام آباد بھیجا جہاں بچی میں پولیو پوزیٹو سامنے آیا۔
مزید پڑھیں: ملک میں پولیو کے 5 نئے کیسز رپورٹ، رواں برس تعداد 91 ہوگئی
انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچی پولیو کے قطرے پیدائش سے ہی لے رہی تھی جس کا ریکارڈ بھی دستیاب ہے۔
صحت حکام کا کہنا تھا کہ 11 سال میں یہ پہلا کیس سامنے آیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ وائرس کراچی سے آیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ’بچی کے اہلخانہ کے گھر کراچی کے علاقے گڈاپ سے چند مہمان آئے تھے جو کچھ عرصہ گاؤں میں رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’گاؤں میں واش رومز کی سہولت دستیاب نہیں ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جہاں سب پولیو سے پاک پاکستان کا خواب دیکھ رہے ہیں رواں سال نئے پولیو کیسز سامنے آرہے ہیں‘۔
غیر سرکاری تنظیم (این جی او) میں ڈرائیور کے طور پر کام کرنے والے بسمہ رند کے والد نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اپنے بچوں کو پیدائش کے بعد سے ہی پولیو کے قطرے پلوا رہے ہیں تاہم وائرس کی تشخیص پر حیرت زدہ ہیں۔
