

عدالت نے ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تقرری روک دی
اسلام آباد
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابرار الحق کی بطور چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ(ہلال احمر) تعیناتی روک دی۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ رول کے تحت چئیرمین کو برطرف تو نہیں کیا جاسکتا،اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ایگزیکٹو کے پاس اختیار ہے کہ کسی بھی وقت چیئرمین کو برطرف کردے۔
سابق چیئرمین ہلال احمر پاکستان سعید الٰہی کی جانب سے ابرار الحق کی تقرری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ڈاکٹر سعید الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔
کیس کی سماعت کے آغاز پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل بھی یہاں موجود ہیں جب کہ ابھی نوٹس بھی نہیں ہوا۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ڈاکٹر سعید الٰہی کی بطور چیئرمین 3 سال کی مدت 9 مارچ 2020 کو مکمل ہو گی، جس پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہا یہ ایکٹ کی سیکشن کے بجائے رولز کا حوالہ دے رہے ہیں۔
