
غریب آباد کے قریب پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر علاقوں مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث حسن اسکوائر سے غریب آباد جانے اور آنے والے دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
شہر میں جاری بجلی اور پانی کے اعصاب شکن بحران نے شہریوں کو بلبلا کر رکھ دیا ،شدید گرمی اور حبس میں بجلی اور پانی سے محروم غریب آباد سمیت ملحقہ علاقہ کے مکینوںکے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا،انھوں نے انتہائی مصروف اوقات میں گھروں سے نکل کر بجلی اور پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دیا جس کی وجہ سے حسن اسکوائر تا غریب آباد جانے اور آنے والے ٹریک پر ٹریفک معطل ہونے سے عام شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا.
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود شہر میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی وجہ سے شہر بھر میں پانی کا بدترین بحران خوفناک شکل اختیار کرتا جارہا ہے جس کی وجہ سے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔
