اہم خبریں

لاہور ہائیکورٹ: نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر سماعت

لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے سے متعلق درخواست گزشتہ روز قابل سماعت قرار دیئے جانے کے بعد آج (بروز ہفتہ) درخواست پر سماعت کا آغاز ہوگیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے، علاوہ ازیں لیگی رہنما پرویز رشید اور احسن قبال بھی لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

شہباز شریف کی قانونی ٹیم عدالت پہنچ گئی جہاں وہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے اپنے دلائل پیش کرے گی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کی درخواست پر سماعت کی۔

علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل (اے اے جی) چوہدری اشتیاق اے خان جبکہ قومی احتساب بیور (نیب) کی جانب سے عدالت میں فیصل بخاری اور چوہدری خلیق الرحمٰن پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا حکومتی میمورینڈم انسانی بنیادوں پر جاری کیا گیا؟ جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب دیا کہ حکومت کے علم میں ہے نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف حکومت کو بانڈز جمع نہیں کرانا چاہتے تو عدالت میں جمع کرا دیں۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف کے وکیل بتائیں کہ کیا نواز ضمانت کے طور پر کچھ دینا چاہتے ہیں یا نہیں؟

مزید پڑھیں: مرض کی تشخیص کے بعد نواز شریف کو پی کے ایل آئی لے جانے کا فیصلہ

عدالت نے شہباز شریف کی قانونی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

بعدازاں درخواست گزار کی قانونی ٹیم نے اس معاملے پر مشورہ لینے کے لیے 15 منٹ کی مہلت مانگی۔

جس پر عدالت نے سماعت 15 منٹ تک ملتوی کردی۔

سماعت کا دوبارہ آغاز

بعد ازاں شہباز شریف کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کا دوبارہ آغا ہوا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے شرائط لگائی جا سکتی ہیں؟ اور اگر ضمانت کے بعد ایسی شرائط لاگو ہوں تو، کیا اس سے عدالتی فیصلے کو تقویت ملے گی یا نہیں؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے عدالت کی رٹ قائم کرنے کے لیے شرائط لاگو کی ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنا چاہتی ہے یا نہیں؟

حکومتی وکیل نے کہا کہ ہم نے شرائط اس لیے لاگو کیں تاکہ نواز شریف واپس آ کر پیش ہوں۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف بیرون ملک علاج کروانا چاہتے ہیں تو کروا سکتے ہیں مگر سابق وزیر اعظم عدالت کو مطمئن کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت مطمئن ہو تو ہمیں نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر اعتراض نہیں۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ جب معاملہ عدالت میں ہو تو حکومت مداخلت نہیں کرسکتی اور ہم نواز شریف کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ سابق وزیراعظم جب بھی صحت مند ہوں ملک میں آجائیں گے۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ہم عدالت میں تحریری حلف نامہ دے دیتے ہیں کہ نواز شریف صحت یاب ہوکر پاکستان آئیں گے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف یقین دہانی کراتے ہیں کہ وہ نواز شریف کو واپس لائیں گے؟

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ ہم نواز شریف اور شہباز شریف سے تحریری حلف نامہ لے لیتے ہیں وفاق اس دیکھ لے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ‘یہ تحریری حلف نامہ عدالت میں دیا جائے گا اور اگر حلف نامے پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو توہین عدالت کا قانون موجود ہے’۔

عدالت نے حکم دیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف واپس آنے سے متعلق لکھ کر دیں، جس کے بعد عدالت نے ایک مرتبہ پھر سماعت 15 منٹ کے لیے ملتوی کر دی۔

بعدزاں امجد پرویز ایڈووکیٹ نے نواز شریف اور شہباز شریف کی تحریری یقین دہانی کا ڈرافٹ تیار کر کے ججز کے چیمبر میں بھجوا دیا گیا۔

ہاتھ سے لکھا ہوئی تحریری یقین دہانی کا ڈرافٹ دو صفحات پر مشتمل ہے

وکلا کی جانب سے جمع کرائے ڈرافٹ کے متن میں یقین دہانی کرائی گئی کہ نواز شریف صحت مند ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے اور اپنے عدالتی کیسز کا سامنا کریں گے۔

ڈرافٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف پاکستان کےڈاکٹروں کی سفارش پر بیرون ملک جا رہے ہیں اور بیرون ملک میں موجود ڈاکٹر جیسے ہی اجازت دیں گے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر نواز شریف واپس آئیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ کو درخواست پر سماعت کا اختیار نہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے سے متعلق درخواست کی مخالفت کی تھی اور عدالت میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے جواب جمع کرایا تھا کہ مذکورہ معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کو سماعت کا اختیار نہیں۔

بعدازاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے وفاق اور نیب کا عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض مسترد کر دیا تھا۔

درخواست پر وفاقی حکومت کا موقف

واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وفاقی حکومت سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا تھا کہ وفاقی حکومت نے اپنا جواب جمع کرادیا؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل (اے اے جی) چوہدری اشتیاق اے خان نے بتایا کہ جواب جمع کرادیا گیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے نواز شریف کو غیر مشروط طور پر ملک سے باہر جانے کی اجازت کی درخواست کی مخالفت کی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا

وفاقی حکومت نے عدالت میں اپنا موقف جمع کرایا کہ لاہور ہائی کورٹ کو درخواست کی سماعت کا اختیار بھی نہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 45 صفحات پر مشتمل جواب میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرے۔

وفاق کے جواب میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے نواز شریف کو چار ہفتے کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی، بعد ازاں عدالت نے حکومتی موقف کی نقول مسلم لیگ (ن) کی وکلا ٹیم کو فراہم کردی تھیں۔

شہباز شریف کا درخواست میں موقف

نواز شریف کا نام ای سے ایل سے نکالنے کے لیے درخواست میں ان کے بھائی شہباز شریف نے جمع کروائی تھی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ ‘وفاقی حکومت کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دی لیکن نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا’۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے شرائط رکھی جا رہی ہیں، عدالت وفاقی حکومت کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف نے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور چیئرمین قومی احتساب بیورو کو فریق بنایا تھا اور موقف اپنایا تھا کہ نواز شریف نے علاج کے لیے بیرون ملک جانا ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے ان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published.

You may also like

Read More

اہم خبریں
ترکیہ میں 10 گھنٹے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ ترکیہ میں 10 گھنٹے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا ہے...
Read More
post-image
اہم خبریں
قصور: ” میرے پوت نوں مارنا نئیں”ناراض بیوہ بوڑھی ماں نے بیٹے بہو کو گلے لگا لیا بوڈھی ماں کی تھانے میں فریاد سے...
Read More
post-image
ٹیکنالوجی
ویووY15Cپاکستان میں متعارف کروا دیا گیا 16 اگست 2022 عالمی شہرت یافتہ سمارٹ فون بنانے والی کمپنی ویوو  نے پاکستان میںاپنی وائے سیریزمیں نیاY15Cمتعارف...
Read More
post-image
اہم خبریں
مگرمچھوں کے ناپید ہونے سے ہمارے ماحول پر تباہ کن اثرات ہوں گے، ماہرین سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ مگر مچھوں کی...
Read More
post-image
اہم خبریں
اے پی ایس حملے کا ماسٹرمائنڈ عمر خالد خراسانی بم دھماکے میں ساتھیوں سمیت ہلاک کالعدم تحریک طالبان پاکستان کےاہم کمانڈر عمرخالد خراسانی ساتھیوں...
Read More