

لندن: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کو لندن پہنچنے کے بعد اگلے روز ہسپتال لے جایا گیا جہاں علاج سے قبل ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کہ نواز شریف منگل کی شب لندن پہنچے تھے، جس کے اگلے روز وہ چند گھنٹے ہسپتال میں رہے اس دوران ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد وہ وہاں سے روانہ ہوگئے۔
انہیں لندن کے وسطی علاقے میں موجود این ایچ ایس ہسپتال لایا گیا جو ’گائز اینڈ سینٹ تھامس این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کا حصہ ہے اور ہیلتھ سائنسز کی تعلیم دینے والے ادارے کنگز کا شراکت دار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘نواز شریف کو علاج کے لیے امریکا جانا چاہیے’
اسی ہسپتال میں صحت کا ایک نجی شعبہ موجود ہے جہاں نواز شریف نے ماہر امراضِ خون کو طبی مسائل سے آگاہ کیا، آئندہ چند روز میں ان کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے تا کہ معالجین علاج کے طریقہ کار کا فیصلہ کرسکیں۔
اس حوالے سے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کمزور نظر آئے اور پلیٹلیٹس میں کمی کے باعث جلد تھک گئے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب ڈاکٹر درست طریقے سے تشخیص کرلیں گے تو علاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو ایک مرتبہ کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دینے کے بعد وہ شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ 19 نومبر کو قطر ایئرویز کی ایئر ایمبولینس ک ذریعے لندن پہنچے تھے
