

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران اپنے فاسٹ باؤلرز کو سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کی کمزوریوں کو نشانہ بنانے کا ہدف دے دیا۔
اسٹیون اسمتھ پر گزشتہ سال بال ٹیمپرنگ کے الزام میں ایک سال کی اپبندی عائد کی گئی تھی لیکن اس پابندی کے بعد ایشز سیریز کے ذریعے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے اسمتھ نے اپنی سابقہ فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ایشز سیریز میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے قیادت سے برطرف سرفراز کی حمایت کردی
نامور آسٹریلین بلے باز نے سیریز کے ایک ٹیسٹ میچ میں حصہ بھی نہیں لیا تھا لیکن اس کے باوجود وہ 4 ٹیسٹ میچوں کی 7 اننگز میں 774 رنز اسکور کیے۔
اسٹیون اسمتھ کی آسٹریلین بیٹنگ لائن میں اہمیت اور ان کی فارم کو دیکھتے ہوئے مصباح الحق ان کے خطرے سے آگاہ ہیں اور اسی لیے انہوں نے اپنے فاسٹ باؤلرز کو سابق آسٹریلین کپتان کو نشانہ بنانے کی کمزوری سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ کسی کو بھی اس بات میں شک نہیں ہونا چاہیے کہ سیم ہوتی ہوئی گیند کو کھیلنا کرکٹ میں سب سے مشکل کام ہے، آب کے پاس ردعمل کا وقت نہیں ہوتا لہٰذا آپ کو لائن میں آ کر کھیلنا ہوتا ہے اور اگر یہ گیند اندر آئے تو آپ کے باؤلڈ یا ایل بی ڈبلیو ہونے کا امکان ہوتا ہے جبکہ گیند کے باہر نکلنے کی صورت میں کیچ ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
مصباح نے کہا کہ جہاں تک اسٹیون اسمتھ کی بات ہے تو دنیا کے ہر بلے باز کی ایک کمزوری ہوتی ہےاور ایک باؤلر ہونے کے ناطے آپ کو اس کمزوری سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی بھی ہونی چاہیے، ہمارے لیے مستقل مزاجی سے گیند کرنا اہم ہے، اس وقت ہمارے باؤلرز منصوبوں پر بہت اچھے سے عمل کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم اچھی باؤلنگ سے دباؤ قائم کر کے اننگز کی ابتدا میں وکٹیں حاصل کر سکتے ہیں۔
