

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ضمانت کی مدت کے دوران علاج کے لیے ایک مرتبہ بیرونِ ملک جانے کی اجازت ملنے کے بعد آج صبح 10 بجے ایئر ایمبولینس کے ذریعے بیرونِ ملک علاج کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
ان کو لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس لاہور ایئر پورٹ پہنچ گئی خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد گزشتہ روز وزارت داخلہ نے ان کی بیرونِ ملک روانگی کے لیے گرین سگنل دے دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں نواز شریف کو ایک مرتبہ کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی گئی جبکہ ان کا نام بدستور ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجود رہے گا، اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے تحت ’عبوری انتظامات‘ کی حیثیت سے لیا گیا۔
شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان نواز شریف کے ہمراہ
ان کی بیرونِ ملک روانگی سے متعلق بیان دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ محمد نوازشریف آج صبح 10 بجے لندن روانہ ہوں گے اور پارٹی صدر محمد شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان ان کے ہمراہ ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف کی منتقلی کے لیے منگوائی گئی ایمبولینس جدید ترین آلات اور طبی سہولیات سے آراستہ ہے اور اس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر بھی موجود ہے۔
مریم اورنگیزیب کا کہنا تھا کہ سفر پر روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور سفر کے دوران خطرات سے بچانے کے لیے سٹیرائڈ کی ہائی ڈوز اور ادویات دی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے وہ تمام طبی احتیاط پیش نظر رکھی ہے جن کے ذریعے محمد نواز شریف کا لندن تک محفوظ سفر یقینی ہو سکے
