

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو بہترین طبی سہولت فراہم کی گئی۔
گرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے وفاق اور صوبائی حکومت سے پوچھا ہے کہ آپ کل تک نواز شریف کی زندگی کی ضمانت دے سکتے ہیں؟۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’میں تو اپنی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا کسی کی جان کی ضمانت کیسے دے سکتا ہوں‘۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے معروف ڈاکٹروں نے نواز شریف کو طبی سہولت فراہم کی گئی، پنجاب حکومت کی صوبائی حکومت نے سابق وزیراعظم کو بہتر علاج کی سہولت دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ قوم بڑی قوم نہیں بن سکتی جس ملک میں طبقاتی قانون ہوگا، طاقتور طبقے کے لیے قانون میں گنجائش جبکہ غریب کے لیے علیحدہ قانون ہو۔
انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست ایک سال میں نہیں بنی تھی، ایک عمل کے نتیجے میں وجود میں آئی جہاں صرف قانون کی بالا دستی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ طبقی نظام کی وجہ سے ملک ترقی نہیں کرسکتا، تمام خوشحال مملک نے تمام لوگوں کے لیے یکساں قانون کو اہمیت دی۔
اس موقع پر گرونانک یونیورسٹی سے متعلق وزیراعظم کو منصوبےسے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی 107 ایکٹر پر محیط ہوگی اور حکومت پنجاب کی جانب سے یونیورسٹی کے ابتدائی فنڈز بھی جاری کردیے گئے۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبا کے لیے ہوسٹلز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے طلبا و طالبات رہائش اختیار کرسکیں
