

وفاقی پاورڈویژن نے بجلی تقسیم کارکمپنیوں میں آپریشن پر ماموراہلکار بطور خاص لائن مین،لائن سپریٹنڈنٹ اور ایس ڈی اوز کی دوران ڈیوٹی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے لائن مین سیفٹی پورٹل کا آغاز کر دیا ہے۔ آج وفاقی سیکریٹری پاورنے سیفٹی پورٹل سے پہلا حفاظتی پیغام جس میں آپریشن اور فالٹ کودور کرنے کے دوران حفاظتی اقدامات کرنے سے متعلق تمام جزو شامل ہیں، اس پورٹل کے ذریعے 40ہزار اہلکاروں کو بھیج کر اس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن میں آئے روز بجلی کے فالٹ دور کرنے اور دیگر آپریشن کے معاملات کے دوران بجلی تقسیم کارکمپنیوں کے اہلکاروں کیساتھ ہونیوالے حادثات پر شدید تحفظات پائے جارہے تھے۔ گزشتہ ہفتے ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بھی وفاقی سیکریٹری نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھااور پیپکو کو خصوصی ہدایات جاری کیں تھیں کہ تمام اہلکاروں کی تربیت اور آگاہی کا جدید اور مؤثر بندوبست کرے۔ لائن مین سیفٹی پورٹل کے ذریعے 40ہزار سے زائد بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے اہلکار کے موبائل نمبر کو ایک خاص سافٹ وئیر سے منسلک کر دیا گیا۔جس کے ذریعے سے بیک وقت ایک پیغام ہزاروں اہکاروں تک پہنچایا جاسکتاہے۔ پہلے مرحلے میں لائن مین، لائن مینII-، لائن مینI-، لائن سپریٹنڈنٹ II-، لائن سپریٹنڈنٹ I-، اور ایس ڈی اوز کے موبائل نمبرز اس سمارٹ پورٹل کے ساتھ منسلک کئے گئے ہیں اس پورٹل کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جارہا ہے تاکہ تمام لائن سٹاف تک اس کی رسائی ممکن بنائی جاسکے۔ سمارٹ لائن مین سیفٹی پورٹل سے لائن سٹاف کیلئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی کے پیغامات وقتاََ فوقتاََ بھیجے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اس پورٹل سے مخصوص پیغامات بھی بھیجے جائیں گے۔اس پورٹل کا مقصد اہلکاروں کی پیشہ وارانہ تربیت کو مسلسل بڑھانا،،ان کو حفاظت کے تمام اصولوں سے بار بار آگاہ کرنا اور انکے ساتھ علم اور تجربے کو بھی شیئر کرناہے۔ سیفٹی پورٹل کے اگلے مرحلے میں سمارٹ فون اور دیگر جدید ترسیلی آلات کے ذریعے سے ویڈیوز اور پیغامات ان اہلکاروں تک پہچانے کا بھی پروگرام چل رہا ہے جس کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گا۔
