
سب سے بڑی ریلی دیامر کے ہیڈ کوارٹر چلاس میں نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر چلاس حسین شاہ نے کی۔ریلی میں مختلف محکمہ جات کے سربراہان اور طلبہ سمیت سیاسی و سماجی تنظیموں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی ماڈل ہائی سکول چلاس سے ہوتے ہوئے سرکٹ ہاوس چوک پر اختتام پذیر ہوگئی ,ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے یکجہتی اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی سے سابق وزیر اطلاعات عنایت اللہ شمالی اور یوتھ مومنٹ کے صدر شبیر احمد قریشی نے بھی خطاب کیا۔داریل میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اسسٹنٹ کمشنر داریل صداقت حسین کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ,ریلی میں اہلیان داریل کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیا۔تانگیر میں بھی 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت مجسٹریٹ تانگیر نے کی۔گونر فارم میں بھی یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں اہل علاقہ اور سکول کے طلبہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھاکر کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔
