

کراچی: سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے کمی کے بعد 81 ہزار 600 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ برقرار رہنے اور رسد محدود ہونے باعث انٹربین مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر کی قدر میں اضافے کا تسلسل برقرار رہا، انٹربینک میں ڈالر کی قدرایک موقع پر158 روپے85 پیسے تک پہنچ گئی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ31 پیسے اضافے کے ساتھ 158 روپے79 پیسے پربند ہوا، جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر20 پیسے گر گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 159.70 سے کم ہوکر 159.50 روپے پر بند ہوا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 12 ڈالرکی کمی سے 1408 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اورفی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400 روپے اور369 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 81 ہزار 600 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت کم ہوکر 69 ہزار 942 روپے ہوگئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے900 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت771 روپے60 پیسے پر مستحکم رہی۔
