
شہر اور قصبات میں ریلی،سیمینار اور دیگر مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈویژن کی مرکزی ریلی ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک نکالی گئی جس کی قیادت کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کی۔ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،سابق صدر بار رقیہ رمضان ایڈووکیٹ،پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اکرام ملک،اے ڈی سی فنانس سیف الرحمن کے علاؤہ دیگر افسران،ملازمین،سول ڈیفنس سکواڈ،بوائز سکاؤٹس،ٹرانسپورٹرز،تاجر برادری،سول سوسائٹی سے مرد،خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔شرکاء نے قومی اور کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔کشمیری شہداء کی تصایر ،نعروں اور آزادی کے الفاظ پر مشتمل پینا فلیکس اور بینرز بھی آویزاں تھے قومی اور کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کےلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے ساتھ کشمیر کی آزادی،ملک اور قوم کی خوشحالی اور استحکام پاکستان کےلئے خصوصی دعا کی گئی
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے یوم یک جہتی کشمیر کی ڈویژنل مرکزی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔کشمیریوں کو ان کا حق رائے دیہی دلانے کےلئے ہر پلیٹ فارم سے آواز بلند کرنے کے ساتھ حمایت جاری رکھی جائے گی۔پاکستان کا ہر شہری کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ بھارت نے فوج اتار کر کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے۔کشمیریوں کے حقوق سلب کردئیے گئے ہیں۔انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے۔اقوام عالم کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم بند کرائے۔پی ٹی آئی کی رہنما رقیہ رمضان ایڈووکیٹ نے کہا کہ کشمیری مسلمان بھائیوں نے آزادی کےلئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان کی جدو جہد کامیاب ہوں گی۔
