

لارڈز: پاکستان کے 309 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ جاری ہے اور اس نے 3 اوورز میں ایک وکٹ پر 15 رنز بنا لیے ہیں۔
کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں آج پاکستانی ٹیم لارڈز میں اپنا چھٹا میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیل رہی ہے، قومی ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہے، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے پر اعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 81 رنز کی شراکت قائم کی تاہم فخرزمان 44 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد عمران طاہر نے امام الحق کا زبردست کیچ لیکر انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔
محمد حفیظ صرف 20 رنز ہی بناسکے تاہم ون ڈاؤن آنے والے بابراعظم اور حارث سہیل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد بابراعظم 69 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
شعیب ملک کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے حارث سہیل نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جب کہ اماد وسیم نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 71 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اماد وسیم 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ حارث سہیل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 58 گیندوں پر 89 رنز بنائے، حارث سہیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے ایونٹ کے باقی تمام میچز جیتنے ضروری ہیں، ایک بھی میچ ہارنے کی صورت میں قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائی گی۔
