
بلدیاتی انتخابات، ضلع باجوڑمیں 7 پولنگ ا سٹیشنوں پر کل 13 فروری کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرباجوڑ اجمل حفیظ کے مطابق ضلع میں 13 فروری کو7 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ انتخابات ہوں گے۔ 19 دسمبر کو پرتشدد واقعات کے باعث 4 پولنگ سٹیشنز پرانتخابات ملتوی کردی گئے تھے جبکہ وی سی 8 ناوا چارمنگ میں کسان کونسلرکیلئے ایک امیدوار کے وفات کے باعث تین پولنگ اسٹیشنوں پر کسان سیٹ کے انتخابات ملتوی ہوگئے تھے۔اجمل حفیظ کے مطابق تحصیل کونسل خار کے دو پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 96(لرملاسید ون) میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 2114ہیں جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1300جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 814ہیں۔ تحصیل کونسل خار کے دوسرے پولنگ اسٹیشن نمبر127(لیٹئی) میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد1810ہیں جن میں مرد ووٹرز کی تعداد1085جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 725ہیں۔ تحصیل کونسل خار میں جمعیت علمائے اسلام کے حاجی سید بادشاہ کو 652ووٹ کی برتری حاصل ہے۔ حاجی سید بادشاہ 18412ووٹ لیکر پہلے نمبر پر ہے، جماعت اسلامی کے ہارون الرشید 17760ووٹوں کیساتھ دوسرے جبکہ تحریک انصاف کے لقمان خان 16000ہزار رووٹوں کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ تحصیل کونسل خار کے دوپولنگ اسٹیشنز پر3924ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اسی طرح تحصیل کونسل ناوگئی کے دو پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 281خواتین پولنگ اسٹیشن (شاہی تنگے) میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1780ہیں۔ پولنگ اسٹیشن نمبر282(شاہی تنگے2) میں ٹوٹل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد756ہیں جن میں مرد ووٹرز کی تعداد419جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد337ہیں۔تحصیل کونسل ناوگئی میں جمعیت علمائے اسلام کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نجیب اللہ خان کو 217ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔آزاد امیدوارنجیب اللہ خان 20529ووٹ لیکر پہلے،تحریک انصاف کے ڈاکٹر خلیل الرحمن 20312ووٹ لیکر دوسرے جبکہ جماعت اسلامی کے لطیف جان 18186ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر ہے۔ تحصیل کونسل ناوگئی کے دو پولنگ اسٹیشنوں پر 2536ووٹر ز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ اس کے علاوہ ویلج کونسل نمبر8ناوا چارمنگ پر کسان کونسلر کیلئے بھی انتخابات ہونگے کیونکہ اس سیٹ میں ایک امیدوار کی فوتگی کے باعث انتخابات ملتوی ہوگئے تھے۔ وی سی 8ناوا چارمنگ میں کسان کونسلر کیلئے چار امیدوار وں کے درمیان مقابلہ ہوگا اورتین پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ہوگی۔
