
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤ الدین انور سعید کنگرا نے کہا کہ پولیس کے شہدا محکمہ پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں جو ملک او ر قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں
پولیس کے جوانوں او ر افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اورانشاء اللہ تخریب کاروں اور دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہو گا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پانچ سال قبل سانحہ چئیرنگ کراس لاہور میں شہید ہونے والے ایس ایس پی زاہد محمود گوندل شہید کی قبر پر موضع سندا میں فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز خالد محمود رانجھا ،ڈی ایس پی ملکوال الطاف حسین وڑائچ ایس ایچ او تھانہ میانہ گوندل صغیر حسین شاہ اور شہید ایس ایس پی کے خاندان کے افراد بھی موجود تھے ڈی پی او چوہدری انور سعید کنگرا نے کہا کہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس کے افسران اور جوان محکمہ پولیس کا سرمایہ افتخار ہیں ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھولے نہیں اور نہ ہی کبھی بھولیں گے، پولیس شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے کسی بھی قوم کا زندہ ہونا شہیدوں کے مرہون منت ہے، یہ وہ ملک ہے جس کی سیکورٹی فورسز اور پولیس نے گذشتہ کئی سالوں کے دوران دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، یہ ملک ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اس ملک پاکستان کی فوج دنیا کی نمبرون فوج ہے، کوئی بھی دشمن اس ملک کی کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ہمارے معاشرے میں ہماری صفوں کے اندر موجود ملک دشمن عناصر سے یہ محکمہ پولیس لڑ رہا ہے،انور سعید کنگرا نے کہا کہ ہم ہر دکھ اور سکھ میں شہدا کی فیملیز کے ساتھ ہیں، کسی بھی مشکل میں شہدا کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انشااللہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کے ویژن اور احکامات کی روشنی میں تمام پولیس شہدا کی فیمیلیز کا ہمیشہ مکمل خیال رکھنا ڈسٹرکٹ پولیس کی اولین ترجیح رہے گی –
