
ڈیرہ غازی خان میں جمع بندیوں،گرداوری،کھیوٹ،
ریکوریوں کا عمل تیز کرنے کیلئے تحصیلداروں،ریونیو افسران،قانونگو اور پٹواریوں کو ٹاسک دےدیا گیا ہے۔مقررہ مدت میں ٹارگٹ حاصل نہ کرنیوالے اہلکاروں کو معطل کردیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد حسن رانجھا کی زیر صدارت اجلاس میں پلاننگ کرلی گئی ہے،
ریونیو اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز نبیل احمد میمن،احمد نوید،متعلقہ افسران،تحصیل دار،ریونیو افسران،نائب تحصیل دار،قانونگو اور پٹواریوں نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد حسن رانجھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جمع بندیوں کا کام ہر صورت 28فروری تک ضرور مکمل کیا
جائے،جمع بندیوں کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے،کام مکمل نہ کرنیوالے اہلکاروں کی معطل کیساتھ انکے خلاف مقدمات بھی درج کرائیں گے،احمد حسن رانجھا نے کہا کہ نئے پٹواریوں سے گرداوری کا کام لیا جائے،
تجربہ کار سٹاف سے جمع بندیوں کا کام لیا جائے،فرائض کی ادائیگی کیلئے ترجیحات کا تعین کیا جائے،ضلع میں قائم 146دیہی مال مراکز کی پبلسٹی کو یقینی بنایا جائے،
انہوں نے کہا کہ افسران سٹاف سے رابطوں میں رہیں اور شام کو ان سے کام کی پراگرس لی جائے،جو ریونیو سٹاف کام نہیں کرتا اسکی رپورٹ کی جائے،ریونیو وصولی کیلئے سٹاف کو متحرک کیا جائے،
نادہندگان،قبضہ مافیا کو بار بار نوٹس جاری کئے جائیں اور ان کے خلاف کارروائیوں میں کسی پریشر کو خاطر میں نہ لایا جائے۔
