
عمران خان نگران سیٹ اپ آنے تک بطور وزیراعظم کام جاری رکھیں گے، ایوان صدر کا اعلامیہ
عمران خان بطور نگران وزیراعظم اپنا کام جاری رکھیں گے، صدر مملکت نے ہدایت کر دی۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت اپنا کام جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 94 کے تحت نگران وزیراعظم کے تقرر تک عمران خان کو ہی وزارت عظمیٰ کے اپنے عہدے پر برقرار رکھا۔
آرٹیکل 224 ٹو کے مطابق قومی اسمبلی تحلیل ہونے پر الیکشن 90 روز میں ہوں گے۔ ملکی معاملات چلانے کیلئے صدر مملکت کی جانب سے نگران کابینہ مقرر کی جائیگی۔ آرٹیکل 224 ٹو کے مطابق صدر سبکدوش وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعظم کا تقرر کرے گا۔
اگر سبکدوش وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف میں اتفاق نہیں ہوتا توتین دن کے اندر دونون کی جانب سے تین نام کمیٹی کو بھیجوائے جائیں گے۔ کمیٹی کی تشکیل اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے جس میں حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان کی تعداد برابر ہوگی۔ اگر کمیٹی بھی نگران وزیر اعظم کا فیصلہ کرنے میں ناکام ہوتی ہے تو پھر معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجوایا جائے گا جو دو روز میں فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔
