17

ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ عوام کو ناجائز منافع خوری سے بچانے پر مرکوز ہے

جس کے لئے منڈیوں کی سطح پر تمام ضروری انتظامی اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کی مسلسل مانٹیرنگ اور پرائس مجسٹریٹس کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عمل درآمد سب سے اہم ہیں۔ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز منڈیوں میں نیلامی کے عمل کوذاتی طور پر مانیٹر کریں اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ناجائز اضافے کو فی الفور روکیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرے ہوئے کہی جس میں روزمرہ اشیاء صرف کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ جاری کورونا ویکسینیشن مہم، پولیو مہم، خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام اور شجرکاری مہم کا بھی ریویو کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز واجد علی شاہ، کیپٹن (ر) علی اعجاز اور رانا شکیل اسلم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد بھی شریک ہوئے۔ کمشنر نے ڈویژن میں ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں میں فرق پر تشویش ظاہر کی اور ہدایت کی کہ ان اشیا ء کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال واجد علی شاہ نے بتایا کہ ساہیوال میں نیا آلو گلگت سے آرہا ہے جس کی وجہ سے آلو کی قیمت زیادہ ہے جس پر کمشنر نے ہدایت کی کہ مقامی آڑھتیوں کو نزدیک سے نیا آلو منگوانے کی ہدایت کی جائے جو صارفین کو کم قیمت پر دستیات ہو گا۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے کورونا ویکسینیشن اور پولیو مہم پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ نوجوانوں کو ویکسین کی پہلی خوراک لگانے پر زیادہ زور دیا جائے جس کے لئے کالجز اوریونیورسٹیز میں خصوصی ٹیمیں بھیجی جائیں۔ انہوں نے تینوں اضلاح میں قائم کی گئی پناہ گاہوں کو زیادہ بہتر بنانے اور ضرورت مندوں تک انکی رسائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں