
پاکستان کے معروف ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے طلباء کوفیس کی ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت دینے کیلئے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) گوجرانوالہ کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے۔ شراکت داری کے ذریعے بی آئی ایس ای گوجرانوالہ کے تحت متعلقہ امتحانات دینے والے طلباء کو ایزی پیسہ ایپ یا ان کے قریبی ایزی پیسہ ایجنٹ کے ذریعے فیسوں کی ادائیگی بشمول سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ اور ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ، امتحانات، گزٹ سرٹیفکیٹ / ڈی ایم سی کی تصدیق اور متفرق فیسوں کی ادائیگی کی سہولت حاصل ہوگی، یہ اشتراک ایزی پیسہ صارفین کو لین دین کے دستیاب آپشنز کے متنوع پورٹ فولیو میں بھی ایک اور اضافہ ہے۔
اس اشتراک کے تحت دور دراز سے تعلق رکھنے والے طلباء بینک کی برانچوں میں جائے بغیر ڈیجیٹل طور پر ادائیگیاں کرسکیں گے۔ یہ ایسی پیش رفت ہے جس سے نئے افق کھولنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ ایزی پیسہ کا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے اور پاکستان بھر میں مالی شمولیت کے فروغ کیلئے محفوظ اور آسان ڈیجیٹل مالی حل فراہم کرنے کیلئے مسلسل کام کررہا ہے۔
اس پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے عمر معین ملک، ہیڈ آف بزنس، ایزی پیسہ نے کہا ”ہماری معیشت حکومتی اداروں کی طرف سے ادائیگی کے روایتی طریقوں کے متبادل پائیدار طریقوں کو اختیار کرنے کے ساتھ جامع ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کیلئے تیار ہے اور بی آئی ایس ای گوجرانوالہ ایسے اداروں میں ایک تازہ مثال ہے۔ ہم ایزی پیسہ میں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے کہ ڈیجیٹل مالی حل کے نفاز کے خواہشمند اداروں کے ساتھ اشتراک کریں ۔ ہمیں ایزی پیسہ پلیٹ فارم پر 250منفرد بلز کی ادائیگی کے ساتھ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں قائدانہ حیثیت پر فخر ہے ”۔
گزشتہ تیس دنوں میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پلیٹ فارم پر ایزی پیسہ ایپ استعمال کرنے والے 10 ملین سے زائد صارفین کے ساتھ ایزی پیسہ تمام زمروں میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی پاکستانی ایپ ہے اور اشتراک اور ٹیکنالوجی کی طاقت کے ذریعے پاکستان کو کیش لیس اور جامع مالی معاشرے میں تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
